گوادر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن، خاتون سمیت 10 دہشتگرد ہلاک کردیے، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پ ر) گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن میں خاتون دہشتگرد سمیت 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطاق دہشتگردوں کے حملے میں ایک شہری شہید ہوا اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا، آپریشنز کے دوران سیکورٹی فورسزکا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی اور گوادرمیں آپریشنز مکمل کرکے امن وامان اور ریاستی عملداری بحال کردی گئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خاتون کو حملے میں زبردستی استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے منافی ہے، دہشتگرد بلوچ خواتین کو پروپیگنڈے اور عوامی جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کررہے ہیں، بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والے عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عزم استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہےگی، ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔