کوئٹہ کراچی شاہراہ پر سفر انتہائی غیر محفوظ ہوگیا، حکومت مسافروں اور گاڑیوں کو تحفظ فراہم کرے، ٹرانسپورٹرز

کوئٹہ کراچی شاہراہ

ماخذ: یو این اے

کوئٹہ(یو این اے) ممتاز ٹرانسپورٹرز حاجی میر حکمت لہڑی، حاجی میر دولت خان لہڑی، حاجی حبیب اللہ بادیزئی، حاجی میر اکبر لہڑی، حاجی موسی جان اچکزئی، حاجی ولو ناصر اور حاجی سیف الدین بڑیچ نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر امن و امان کی بدترین صورتحال پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدامنی، لوٹ مار اور مسافر گاڑیوں پر آئے روز فائرنگ کے واقعات نے کوئٹہ کراچی روٹ پر ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو شدید متاثر کردیا ہے، جبکہ مسافروں میں عدم تحفظ کے باعث اس اہم شاہراہ پر سفر کرنے سے اجتناب کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ بلوچستان کی اہم تجارتی اور سفری گزرگاہ ہے، جہاں روزانہ ہزاروں مسافر اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد سفر کرتے ہیں، لیکن امن و امان کی مخدوش صورتحال نے مسافروں، ڈرائیوروں، کنڈیکٹروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ آئے روز لوٹ مار اور فائرنگ کے واقعات کے باعث مسافر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہورہی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ پہلے ہی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، گاڑیوں کے پرزہ جات کی مہنگائی اور دیگر اخراجات کے باعث مشکلات کا شکار ہے، ایسے حالات میں شاہراہ پر عدم تحفظ نے کاروبار کو مزید بحران سے دوچار کردیا ہے۔ اگر مسافروں کو محفوظ سفر کی سہولت میسر نہ ہو تو ٹرانسپورٹ کا نظام معمول کے مطابق چلانا مشکل ہوجاتا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے حکومت بلوچستان، محکمہ داخلہ اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر امن و امان کی بحالی کے لیے مثر اور عملی اقدامات کیے جائیں، حساس مقامات پر سکیورٹی بڑھائی جائے، مسافر گاڑیوں کی حفاظت اور جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام کے لیے مثر گشت اور نگرانی کا نظام قائم کیا جائے، تاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کیے بغیر نہ صرف ٹرانسپورٹ کا کاروبار بحال ہوسکتا ہے بلکہ بلوچستان کی تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی معمول پر لانا مشکل ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہراہ پر بدامنی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرکے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز میں پائی جانے والی تشویش دور کی جائے۔