صحبت پور، پولیس پروٹوکول میں منشیات اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ کا انکشاف

نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ

صحبت پور(یو این اے)صحبت پور میں پولیس کے مبینہ پروٹکول اور سرپرستی میں منشیات اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اندرون سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں اسمگلنگ کا ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے، جس میں مقامی پولیس کے انسپکٹر سطح کے افسران اور بااثر اسمگلروں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا ہے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق رات کے تقریبا 1 بج کر 15 منٹ پر بااثر اسمگلرز اور صحبت پور پولیس کے ایک انسپکٹر کے مبینہ گٹھ جوڑ کے ذریعے آر ڈی 238، ٹھل سندھ اور مانجھی پور نیو پل کے راستے کریم بخش سندھ تک منشیات، پان پراگ، چرس اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کا گھنانا سلسلہ جاری ہے۔ یہ اسمگلنگ مافیا صحبت پور کے گاں عبدالمجید کٹوہر اور 15 پولیس چیک پوسٹ کے راستوں کو استعمال کرتے ہوئے مانجھی پور اور کریم بخش سے ہوتی ہوئی جیکب آباد بائی پاس اور ٹھل کے راستے اندرون سندھ اور ملک بھر میں مال پہنچاتی ہے۔رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ صحبت پور کے کسی بھی ایس ایچ او میں اتنی سکت یا طاقت نہیں ہے کہ وہ اس مافیا کے خلاف کوئی کارروائی کر سکے یا کسی اسمگلر کو ہاتھ لگائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایک ایس ایچ او نے غلطی سے منشیات سے بھری ایک گاڑی کو روک بھی لیا تھا، تو اسے محض دس منٹ کے اندر اعلی سطح کے دبا پر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ عوامی حلقوں نے اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔