کوئٹہ، اسپتال میں جڑواں بچوں کی پیدائش، ایک نومولود مبینہ طور پر لاپتا کردیا گیا، والد کا الزام

کوئٹہ اسپتال

کوئٹہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ سول اسپتال میں زچگی کے دوران مبینہ طور پر جڑواں بچوں کی پیدائش، ایک نومولود کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کا معاملہ۔ کوئٹہ کے رہائشی عبداللطیف نے بتایا کہ سول اسپتال میں زچگی کے دوران میری اہلیہ نگینہ کے ہاں مبینہ طور پر جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی لیکن ہمیں صرف ایک بچہ فراہم کیا گیا۔ عبداللطیف نے ایک نومولود کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سول اسپتال میں الٹرا ساﺅنڈ رپورٹ میں 2 جڑواں بچوں کی نشاندہی کی گئی تھی، ڈاکٹرز دوسرے نومولود کے بارے میں کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کر رہے۔ بچے کے والد کا کہنا تھا کہ اپنے دوسرے نومولود بچے کے حوالے سے جواب اور حقائق جاننا چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر عبدالہادی کاکڑ کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، تحقیقاتی کمیٹی واقعے کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لے رہی ہے۔