بلوچستان بھر میں جشن میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، محافل اور جلوسوں کا انعقاد

بلوچستان جشن میلاد النبیﷺ

کوئٹہ (بلوچستان نیوز) ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جشن میلاد النبیﷺ انتہائی مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس بابرکت موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے مذہبی جماعتوں، تنظیموں اور میلاد کمیٹیوں کے زیر اہتمام جلوس نکالے گئے، جن میں تحریک لبیک پاکستان، دعوت اسلامی، جماعت الصالحین، انجمن خدام المسلمین، خلجی برادری، جماعت اہلسنت اور سنی تحریک کے اراکین اور عاشقان رسولﷺ نے بھرپور شرکت کی۔ صوبائی ترجمان تحریک لبیک فہیم سلطانی کے مطابق جلوسوں کی قیادت مرکزی ناظمِ اعلیٰ پیر محمد خالد سلطان، علامہ شہزاد عطاری، حاجی محمد ظریف رضوی، پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی، طارق محمود عباسی،سید عرفان شاہ، مفتی محمد جان قاسمی، علامہ احمد رضا قمبرانی، ذوالفقار علی طارقی، قاری نور محمد حسینی، علامہ ذیشان طارقی، حافظ مظہر لیاقت، مفتی مختار احمد حبیبی، نعیم مدنی، کامران مدنی، علامہ ذیشان طارقی، علامہ ذیشان قادری، لالا صغیر، ھدہ دربار سے سادات کرام جبکہ بزمِ اعلیٰ حضرت کے امیر علامہ محمد عاقل اور فہیم احمد سلطانی رضوی ودیگر نے کی۔ جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں مرکزی جلوس میاں اسماعیل مسجد طوغی روڈ سے برآمد ہوا۔ جلوس سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، کرانی، جوائنٹ روڈ، علمدار روڈ، سرکلر روڈ اور شاہراہ اقبال سے ہوتا ہوا باچا خان چوک پہنچا، جہاں عقیدت مندوں نے نعت خوانی کی اور جید علماءکرام نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں جلوس لیاقت بازار، پرنس روڈ اور مسجد روڈ سے گزرتا ہوا منان چوک پہنچا، جہاں ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعاﺅں کے ساتھ اس کا اختتام ہوا۔ اس پرمسرت موقع پر شہر کی مساجد، عمارتوں اور گھروں میں محفل میلاد اور نعت خوانی کی مجالس کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ عاشقان رسولﷺ کی جانب سے گلی محلوں، مساجد اور درگاہوں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا اور چراغاں کیا گیا۔ جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ممکنہ خطرات کے پیش نظر کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس معطل رہی، جبکہ جلوسوں کی حفاظت کے لیے پولیس کے ہزاروں اور ایف سی کے ایک ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے جلوس کے راستوں پر آنے والی دکانوں کو بھی عارضی طور پر سیل کر دیا گیا تھا۔