زیارت (ویب ڈیسک) زیارت اور پشین کے علاقے خانائی بابا کے درمیان گزشتہ شب نامعلوم افراد نے زیارت کو کوئٹہ سے ملانے والی شاہراہ پر ناکہ بند کی۔ اطلاعات کے مطابق تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ نہ رکنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس سے دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔ زخمی اور اس کے ساتھی نے موٹر سائیکل بھگا کر جان بچائی، باقی دو افراد تاحال لاپتا ہیں۔ نشانہ بننے والے افراد کا تعلق زیارت کے علاقے سنجاوی سے بتایا جاتا ہے جو کوئٹہ جارہے تھے۔ جاں بحق ہونے والے احسان اللہ اور محمد یونس کی نمازِ جنازہ سنجاوی میں ادا کردی گئی۔ پشین اور زیارت کی پولیس اب تک حدود کا تعین نہیں کرسکی۔
زیارت میں مسلح افراد کی ناکہ بندی، فائرنگ سے دو افراد جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا، دو لاپتا
