کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے سوراب میں بم دھماکے اور سکیورٹی فورسز کے پریشن میں 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے سوراب میں بارودی مواد سے بھری گاڑی تیار کرنے کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے دھماکوں سے قریبی علاقے میں موجود 3 شہری بھی شہید ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، فورسز اور پولیس نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا، آپریشن میں فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل وحرکت کا سراغ لگایا، سیکورٹی فورسز نے موثرکارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکورٹی فورسز کے 2 جوان بھی زخمی ہوئے۔ صدر، وزیراعظم، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعے میں معصوم اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سوراب، بم دھماکے اور آپریشن میں 18 دہشتگرد ہلاک، معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
