بلوچستان میں پہلی بار بجٹ میں شامل تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ (آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹریز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ اور رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، مالی نظم و ضبط اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے گزشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا، جبکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ میں منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی مکمل تکمیل یقینی بنائی گئی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے گزشتہ مالی سال کی کارکردگی رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ترقیاتی اخراجات میں 28ارب روپے کی بچت کی گئی اور مجموعی طور پر 2ہزار 966ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جبکہ رواں مالی سال میں 2ہزار 280ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ترقیاتی اہداف کے کامیاب حصول پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ترقیات اور متعلقہ افسران کو شاباش دیتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل گڈ گورننس، موثر مانیٹرنگ اور مضبوط نگرانی کے نظام کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ترقیاتی وسائل کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی پر خرچ کی جائے گی، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سی ایم آئی ٹی اور مانیٹرنگ اینڈ ایولوشن ڈائریکٹوریٹ کی موثر نگرانی سے بدعنوانی اور کرپشن کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، ترقی کے ثمرات ہر ضلع اور ہر شہری تک پہنچائے جائیں گے، ترقیاتی فنڈز کے شفاف اور مثر استعمال سے عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ رواں مالی سال کے ترقیاتی اہداف بھی مقررہ مدت میں مکمل کرکے بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن کیا جائے گا۔