کوئٹہ (بلوچستان نیوز) سانحہ زیارت شہداءدھرنے کے حوالے سے حکومت، لواحقین اور آل پارٹیز کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے، جس کے باعث فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ آل پارٹیز کمیٹی کے رہنما عبدالرحیم زیارتوال نے بتایا کہ حکومتی وفد کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں، جس کے بعد شہداءکا دھرنا بدستور جاری رہے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جمعہ 17 جولائی کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی جائے گی۔ دوسری جانب اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان دھرنا اسٹیج سے جلد کیا جائے گا۔ شہداءکے لواحقین اور آل پارٹیز کمیٹی نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آج جمعہ 17 جولائی آل پارٹیز، سانحہ زیارت کے لواحقین اور انجمن تاجران کی جانب سے اعلان کردہ شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تمام اضلاع کے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال کو ہر صورت کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پشتونخوا وطن کے مختلف علاقے، بالخصوص ہنہ اوڑک، مانگی، شعبان، تکتو، زرغون غر، ہرنائی، زیارت، دکی، منگلہ، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ سمیت متعدد علاقے مسلح جتھوں اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہنہ اوڑک میں پانچ جوان شہید اور چھے زخمی ہوئے۔ اسی طرح 6 جولائی کو زیارت مانگی فیز تھری کے مقام پر 31 پولیس اہلکاروں کو مسلح دہشت گردوں نے شہید کیا۔ پارٹی نے اس واقعے کی تمام تر ذمہ داری حکومتی اور ریاستی اداروں پر عائد کرتی ہے، لیویز کے نوجوانوں کو صرف ایک کلاشنکوف اور ایک میگزین کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بھیجا گیا، جو ایک سنگین غفلت اور نااہلی ہے۔ پریس ریلیز میں دھرنے کے شرکاءاور آل پارٹیز کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ تمام متاثرہ علاقوں سے دہشت گردوں اور مسلح جتھوں کا مکمل صفایا کیا جائے۔ سانحہ زیارت اور دیگر واقعات کی تحقیقات کے لیے بااختیار جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ بی ایریاز کو بحال کیا جائے۔ ایف سی کو صوبے سے نکالا جائے۔ پارٹی نے کہا کہ آج کی شٹر ڈاﺅن ہڑتال انہی جائز مطالبات کے حق میں ہے اور حکومت کو بالآخر عوامی دباﺅ کے سامنے جھک کر ان مطالبات کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ آخر میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے عوام، تاجروں اور تمام طبقہ ہائے زندگی سے اپیل کی کہ وہ شٹر ڈاﺅن ہڑتال میں بھرپور شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں تاکہ شہداءکے لواحقین کے مطالبات کو عملی شکل دی جاسکے۔
سانحہ زیارت، مذاکرات ناکام، ڈیڈ لاک برقرار، دھرنا جاری، آج شٹر ڈاﺅن ہوگا، آل پارٹیز کمیٹی
