زیارت (یو این اے) بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے سیکورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے تھریٹ الرٹ نمبر 8879 جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں انٹیلی جنس ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر متعلقہ اداروں کو فوری حفاظتی اقدامات مزید موثر بنانے، حساس مقامات کی نگرانی بڑھانے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، سی ٹی ڈی زیارت کی جانب سے 10 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق حالیہ انٹیلی جنس اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ضلع زیارت کے مختلف پہاڑی علاقوں میں مشتبہ افراد کی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔ مراسلے میں خاص طور پر زرزری، خصنوب، ملیکات، خلیفت پہاڑی سلسلوں، ہرنائی بارڈر اور ڈومیارہ کے دشوار گزار علاقوں کا ذکر کیا گیا ہے، جہاں نامعلوم افراد کی موجودگی اور سرگرمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں یو این اے کو موصول مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ایک بلند پہاڑی چوٹی پر خیمہ بھی نصب کیا گیا ہے، جس سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مشتبہ عناصر مسلسل اس مقام پر موجود رہ کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ افراد علاقے کے مختلف راستوں، داخلی و خارجی گزرگاہوں، سیکورٹی چیک پوسٹس اور دیگر حساس تنصیبات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ابتدائی اطلاعات یہ ظاہر کرتی ہیں کہ مشتبہ عناصر ممکنہ طور پر علاقے میں دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی، ریکی یا دیگر تخریبی سرگرمیوں کی تیاری میں مصروف ہوسکتے ہیں، تاہم ان اطلاعات کی مزید تصدیق اور جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ موصول ہونے والی معلومات انٹیلی جنس ذرائع پر مبنی ہیں، اس لیے تمام متعلقہ ادارے انتہائی احتیاط کے ساتھ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں تھریٹ الرٹ میں ضلعی انتظامیہ، بلوچستان پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی)، اسپیشل برانچ، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، آئی ایس آئی، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آپس میں قریبی رابطہ برقرار رکھیں، مشترکہ انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید موثر بنائیں اور ضلع بھر میں سیکورٹی اقدامات کو مزید سخت کریں مراسلے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی بڑھائی جائے، حساس سرکاری تنصیبات، پولیس تھانوں، ایف سی کی چیک پوسٹس، سرکاری دفاتر، اہم شاہراہوں، سیاحتی مقامات اور عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جاسکے متعلقہ اداروں نے مراسلہ موصول ہونے کے بعد مختلف علاقوں میں نگرانی کا عمل مزید تیز کر دیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں گشت، انٹیلی جنس جمع کرنے کے عمل اور مشتبہ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ مقامی سطح پر بھی اطلاعات کے تبادلے کا نظام مزید فعال بنایا جا رہا ہے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے ادارے پہلے ہی ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ زیارت میں جاری کردہ تازہ تھریٹ الرٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد سرگرمی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ یہ مراسلہ انٹیلی جنس ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر مبنی ہے۔ مراسلے میں درج خدشات اور معلومات کی مزید تصدیق کا عمل جاری ہے، اور تاحال کسی دہشت گرد حملے یا واقعے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
زیارت اور ہرنائی کے پہاڑی سلسلوں پر مشتبہ افراد کی نقل و حرکت، سی ٹی ڈی کا تھریٹ الرٹ جاری، سیکورٹی ادارے حرکت میں آگئے
