ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب گردی واقعہ قابل مذمت، پرامن جدوجہد میں ینگ ڈاکٹرز کیساتھ کھڑے ہیں، محمود خان اچکزئی

اسلام آباد /کوئٹہ (بلوچستان نیوز) چیئرمین سپریم کونسل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹر یاسر اچکزئی کی قیادت میں وفد نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے محمود خان اچکزئی کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک، ڈاکٹرز کو درپیش مسائل اور حکومت بلوچستان کے غیر سنجیدہ رویے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بالخصوص ڈاکٹر مانو ناصر پر ہونے والے افسوسناک تیزاب گردی کے واقعے، اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور حکومت بلوچستان کی مسلسل خاموشی اور عدم توجہ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ محمود خان اچکزئی نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انسانیت سوز واقعات کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکر ہیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی خاموشی اور ذمہ داران کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹرز کی پرامن اور آئینی جدوجہد میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے جائز مطالبات ہر فورم پر بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔ محمود خان اچکزئی نے حکومت بلوچستان پر زور دیا کہ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے حل کرے تاکہ صحت کے نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔