پاکستان نے ثالثی کے تمام تقاضے پورے کیے، فیلڈ مارشل کا مقصد امن کا قیام ہے، سیکورٹی ذرائع

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اعلیٰ سیکورٹی حکام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اس میں کردار ثالث کا ہے، فیلڈ مارشل کا اس معاملے میں ایک ہی انٹرسٹ ہے، وہ ہے امن اور استحکام۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا اگر یہ جنگ نہ رکتی تو اس کے سنگین نتائج ہوتے، ہم ہیڈ لائن ڈپلومیسی میں دلچسپی نہیں رکھتے، پاکستان نے ثالثی کے تمام تقاضے پورے کیے ہیں، دنیا کو آہستہ آہستہ اس کا ادراک ہو رہا ہے کہ پاکستان نے کیا کیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیل کا انٹرنیشنل میڈیا پر اثر و رسوخ ہے، قطر، سعودی عرب، ترکیے، مصر اور یو اے ای کو بھی اس کا کریڈٹ جاتا ہے، ان سب ممالک نے پاکستان کی امن کی خواہش پر لبیک کہا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے ایران، سعودی عرب امریکا سب ممالک کے ساتھ الگ الگ تعلقات ہیں، پاکستان کے یو اے ای کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان معاملے میں نہ پڑتا تو مسلم امہ میں کون یہ جنگ رکوا سکتا تھا، افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔