نصیرآباد نوتال شاہراہ پر ڈاکوﺅں کی لوٹ مار، مسافر لاکھوں روپے نقدی، قیمتی سامان سے محروم، وڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی کا نوٹس

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) نصیرآباد نوتال قومی شاہراہ پر مسلح ڈاکوﺅں کی لوٹ مار، درجنوں گاڑیوں کے مسافروں سے لاکھوں روپے نقدی، قمیتی موبائل فون گھڑیاں ودیگر سامان چھین لیا، ایک مسافر نے ڈاکوﺅں کی لوٹ مار کی وڈیو بھی بنا ڈالی، سوشل میڈیا پر وائرل۔ پولیس کے مطابق ہفتہ کی صبح نصیرآباد پولیس تھانہ نوتال قومی شاہراہ پر مسلح ڈاکو دیدہ دلیری کے ساتھ ناکہ بندی کرکے درجنوں ویگنز ودیگر گاڑیوں کے مسافروں سے لوٹ مار کرتے رہے، مسافروں سے لاکھوں روپے نقدی، درجنوں موبائل فون، گھڑیاں ودیگر سامان چھین لیا گیا۔ ڈاکوﺅں کی لوٹ مار کے دوران ایک مسافر نے وڈیو بھی بنا ڈالی اور سوشل میڈیا پر اپلواڈ کردی جس پر نوتال پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے، جبکہ واقعے کا ایس ایس پی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو چوبیس گھنٹوں میں گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے۔