صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان میں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔صدر آصف زرداری نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و سکون کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے کے استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن صرف مذاکرات، خودمختاری کے باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی دیرپا امن کی جانب پیش رفت کا ایک موقع ہےلبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مغربی ایشیا میں دیرپا امن کا انحصار تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے۔
