ماخذ: یو این اے
گوادر (یو این اے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر سات اہم محکموں کے انتظامی سیکرٹریز پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد گوادر پہنچ گیا، جو ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات اور عوامی مسائل کا زمینی حقائق کی روشنی میں جائزہ لے گا۔ وفد میں کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ، اسپیشل سیکرٹری صحت شیخ شہداد بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات سمیت صحت، تعلیم، زراعت، آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور مواصلات و تعمیرات کے سیکرٹریز شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور اور دیگر ضلعی حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انتظامی سیکرٹریز اپنے متعلقہ محکموں سے منسلک عوامی مسائل، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ وفد جنوبی بلوچستان کے اضلاع کو درپیش مسائل اور ترقیاتی ضروریات کے حوالے سے جامع رپورٹ بھی مرتب کرے گا۔دورے کا مقصد عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کے لیے موثر تجاویز مرتب کرنا ہے۔
