وڈھ / ڈیرہ مراد جمالی (نامہ نگار، این این آئی) وڈھ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو ہلاک کردیا۔ وڈھ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے وڈھ مہاندر کے رہائشی نوجوان زید احمد ولد حاجی عبدالوہاب لہڑی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔ دریں اثناءبھاگ ناڑی بازار میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قبائلی رہنما کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کو بھاگ ناڑی مین بازار میںمسلح افراد نے فائرنگ کرکے قبائلی رہنما ریاض احمد مغیری کو زخمی کردیا جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان سے تفتیش شروع کردی۔ علاوہ ازیں چھتر میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جمعیت علماءاسلام پاکستان نورانی کے صوبائی عہدیدار سمیت 3 افراد کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق نصیرآباد کے علاقے پولیس تھانہ چھتر کی حدود موضع قلندرانی میں نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام پاکستان نورانی گروپ کے صوبائی عہدے دار مولانا محمد رستم نورانی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے زخمیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا، ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کو مزید علاج کی غرض سے لاڑکانہ ریفر کردیا گیا۔
فائرنگ سے وڈھ میں نوجوان جاں بحق، بھاگ میں قبائلی رہنما، چھتر میں مذہبی جماعت کا عہدیدار زخمی، پولیس بے بس
