ماخذ: این این آئی
گوادرہ (این این آئی) مکران بھر میں مسافر بسوں کو ایرانی تیل کی غیر قانونی ترسیل کے لیے استعمال کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مسافروں کی جانیں شدید خطرات سے دوچار ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تربت اور گوادر سے چلنے والی مسافر بسوں میں ہزاروں لیٹر ایرانی تیل لاد کر مختلف علاقوں تک پہنچایا جاتا ہے، جس سے کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق مسافر بسوں میں آتش گیر مادے کی اس طرح منتقلی نہ صرف مسافروں بلکہ سڑک پر سفر کرنے والے دیگر افراد کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ ماضی میں ایسے واقعات کے نتیجے میں آگ لگنے اور لوگوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں کی مبینہ خاموشی اور عدم کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر بسوں کو مسافروں کی محفوظ آمدورفت کے بجائے تیل کی ترسیل کے لیے استعمال کرنا کسی بڑے سانحے کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مکران بھر میں مسافر بسوں کے ذریعے ایرانی تیل کی منتقلی کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور مسافروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مو¿ثر اقدامات اٹھائے جائیں، تاکہ کسی ممکنہ بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔
