ماخذ: یو این اے
کوئٹہ(یو این اے )وفاقی حکومت نے بلوچستان میں پولیس افسران کی کمی پوری کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 18 کے 16 افسران کو ایک سال کے لیے حکومت بلوچستان کے سپرد کردیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن ٹریننگ پروگرام سے تعلق رکھنے والے 16 افسران کو ان کی موجودہ تعیناتیوں سے تبدیل کرکے فوری طور پر حکومت بلوچستان میں خدمات انجام دینے کے لیے بھیجا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں متعلقہ صوبائی حکومتوں اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ افسران کو فوری طور پر ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے فارغ کیا جائے تاکہ وہ بلوچستان حکومت میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔
