ماخذ: این این آئی
کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان اسمبلی کااجلاس منگل کو اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سبی سے 14 سالہ بچی بندیا کماری کے اغوا اور عدم بازیابی پرمسلم لیگ(ن) کے اقلیتی رکن اشوک کمارنے ایوان سے احتجاج واک آوٹ کیا اجلاس میںصوبائی پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں بھی انہوں نے سبی سے 14 سالہ ہندو بچی بندیا کماری کے اغوا اور کم عمری کی شادی کا معاملہ ایوان میں اٹھایا تھا تاہم 25 دن گزرنے کے باوجود اس کا سراغ نہیں لگایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی سے منظور ہونے والے قانون کے تحت 18 سال سے کم عمر کی شادی پر پابندی عائد ہے جبکہ اغواءہونے والی بچی کی عمر صرف 14 سال ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ مغوی بچی کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے اسپیکر سے استدعا کی کہ اگلے اجلاس میں اس معاملے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی رکن ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ ایس پی سبی کو طلب کرکے ان سے اس بابت پوچھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی بینچوں پر بیٹھے ہیں لیکن بلوچستان حکومت ایک بچی کو بازیاب نہیں کراسکی اگر وزیر داخلہ ایوان میں موجود نہیں تو حکومتی وزراءاور اراکین تو موجود ہیں بعد ازاں انہوں نے بچی کے عدم بازیابی پر ایوان سے احتجاجاًواک آوٹ کیا۔اسمبلی کے اجلاس میںعوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نئے ڈویژن اور اضلاع بنائے گئے ہیں جس پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پشین ڈویژن سے 5 ارکان صوبائی اسمبلی ہیں لیکن ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی تبدیلی پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ، حکومت نے ڈویژن کا ہیڈکوارٹر سرانان کو بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر اتفاق کیا گیا تھا لیکن اب تبدیل کرکے ہیڈ کوارٹر پشین ٹاون کردیا گیا ہے اس میںعوامی نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ، ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر ایسا علاقہ ہو جہاں لوگ آسانی سے پہنچ سکیں ۔ انہوںنے کہا کہ صوبے میں ڈویژن اور اضلاع برابری کی بنا پر بنائے جائیں ۔ انہوں نے اسپیکر سے استدعا کی کہ متعلقہ حکام کو بلاکر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی تبدیلی کی بابت پوچھا جائے۔جمعیت علما اسلام کے رکن اسمبلی اصغر ترین نے کہا کہ ڈویژن اور اضلاع کے حوالے سے اراکین کو اعتماد میں لیا جائے آج ڈویژن اور اضلاع کے بارے میں بولنے والے سابق حکومت میں وزیر رہے ہیں انہوں نے اپنے دور میں اضلاع بنانے کیلئے کام نہیں کیا انہوں نے کہا کہ اضلاع بنانے کے لئے آبادی اور رقبے کا یکساں فارمولا بنایا جائے۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اضلاع جتنے ہیں انہیں بھلے دوگنا کردیا جائے مگر بتایا جائے اس کے لئے پیسے کہاں سے لائے جائیں گے ہر ضلع پر سالانہ اربوں روپے کے اخراجات ہوتے ہیں۔جمعیت علما اسلام کے رکن زابد ریکی نے کہا کہ واشک کو 2004 میں ضلع بنایا گیا اب اسے دو حصوں مین تقسیم کیا جارہا ہے ، اضلاع بناتے وقت عوامی نمائندوں سے مشورہ کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر اسپیکر نے پشین ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر سرانان سے منتقل کرنے کے حوالے سے سینئر ممبر بورڈ اف ریونیو کو آئندہ ہفتے طلب کرنے کی رولنگ دی۔محکمہ کھیل سے متعلق سوالات کے جوابات محرک کی درخواست پر موخر کردیئے گئے۔اسپیکر نے بلوچستان اسمبلی کااجلاس 13نومبر تک ملتوی کردیا۔
