کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ موسم سرما میں گیس لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے، گیس کی فراہمی کے مقررہ اوقات میں بھی پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، جس کے باعث عوام مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ اگر ایران سے ایل پی جی کی ترسیل مکمل طور پر بحال نہ ہوئی تو اس کی فی کلو قیمت ایک ہزار روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ وفاقی حکومت اس صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بروقت اقدامات کرے۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ہزارہ ٹاو¿ن کے تاجر رہنماءواحد ہادی، قاسم رضا، ممبر سپریم کونسل الیاس زاہدی، محمد مہدی، عزت اللہ کاظمی، منظور حسین، حفیظ اللہ نظری، حاجی عبدالحئی، محمد حکیم، محمد حسین، ملا مہدی ہزارہ، ذیشان علی، عبدالحمید لالا، محمد علی، وقاص اور شعیب سمیت دیگر افراد بھی شریک تھے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ ایک جانب گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں شدید کمی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے تو دوسری جانب بھاری بھرکم گیس بلوں نے شہریوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں۔ عوام اور تاجر پہلے ہی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور اضافی بلوں سے پریشان ہیں، ایسے میں موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی گیس کی عدم دستیابی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گیس کی فراہمی کے مقررہ اوقات میں بھی پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے کھانا پکانا اور روزمرہ کے معمولات انجام دینا دشوار ہو جاتا ہے، جبکہ گیس کے بل مکمل وصول کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث عوام متبادل ایندھن کے طور پر مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں، لیکن اس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بھی عام آدمی کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اگر ایران سے ایل پی جی کی ترسیل مکمل طور پر بحال نہ ہوئی تو قیمتوں میں مزید اضافے سے عوام کے لیے اس کا حصول بھی مشکل ہو جائے گا۔ جب صارفین کو مطلوبہ گیس فراہم ہی نہیں کی جا رہی تو بھاری بھرکم بلوں کی وصولی سمجھ سے بالاتر ہے۔ سرد موسم میں گیس کوئی آسائش نہیں بلکہ بنیادی ضرورت ہے، متعلقہ حکام کو عوام کی مشکلات کا احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمے، پریشر کی بہتری اور بھاری بھرکم بلوں میں ریلیف کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، جبکہ ایران سے ایل پی جی کی ترسیل مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے بھی موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مارکیٹ میں گیس کی قلت اور قیمتوں میں مزید اضافے کو روکا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مشکلات کا ازالہ نہ کیا گیا اور گیس سے متعلق مسائل حل نہ ہوئے تو تاجر برادری اور عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کی کال دی جائے گی۔
ایران سے ایل پی جی کی ترسیل بحال نہ ہوئی تو قیمت فی کلو ایک ہزار روپے تک پہنچ سکتی ہے، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان
