اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم ہاﺅس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو نئے کرنسی نوٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر سے مصوروں و ڈیزائنرز سے تجاویز لی گئیں اور وزیراعظم کی جانب سے قائم کر دہ کابینہ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس پر تفصیلی مشاورت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے سیکورٹی فیچرز بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید میٹریل کا استعمال کیا جائے گا جس سے نوٹوں کی استعمال کی معیاد میں بھی اضافہ ہوگا۔ وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری بھی دے دی۔
