ماخذ: این این آئی
کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ”فَضٰ“ کے کامیاب تجرباتی پرواز پر قوم، پاک فضائیہ اور دفاعی صنعت سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی پاکستان کی دفاعی خود انحصاری، سائنسی مہارت اور تکنیکی ترقی کا ایک اہم سنگ میل ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس اس جدید میزائل کی طویل فاصلے تک فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پاک فضائیہ کی آپریشنل استعداد اور دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گی۔ یہ کامیاب تجربہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مسلسل وسعت دے رہا ہے اور ملکی سطح پر جدید دفاعی نظام تیار کرنے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت سائنسدانوں، انجینئرز اور دفاعی ماہرین کی انتھک محنت، فنی مہارت اور قومی جذبے نے اس اہم کامیابی کو ممکن بنایا ہے۔ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کا حصول قومی سلامتی کے تحفظ اور بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی دفاعی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ناگزیر ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے قومی خودمختاری، علاقائی امن اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی استعداد میں مزید اضافہ کرتا رہے گا۔
