ماخذ: یو این اے
کوئٹہ (یو این اے) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل کے خلاف سابق وزیراعلی بلوچستان میر نصیر مینگل کے صاحبزادے عطاالرحمان مینگل کے قتل کا مقدمہ درج ہے، جس میں اختر مینگل اور ان کے صاحبزادے نامزد ہیں۔ اختر مینگل کو چاہیے کہ وہ گرفتاری دے کر عدالتوں کا سامنا کریں اور اپنی ضمانت حاصل کریں، کیونکہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق وہ مفرور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سردار اختر مینگل کے خلاف تاحال حکومت کی جانب سے کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا، تاہم قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ضرورت پڑنے پر چھاپہ بھی مارا جانا چاہیے۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جب کسی شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہو اور وہ سرکاری ریکارڈ میں مفرور قرار دیا گیا ہو تو اسے قانون کا سامنا کرنے سے گریز نہیں کرنا چاہیے بلکہ عدالت میں پیش ہوکر اپنی ضمانت حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور ہر شخص کو مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
