اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا رواں سال کے اختتام پر اسرائیل کیلئے سالانہ 4 ارب ڈالر کی امداد روک دے گا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے جس کے تحت امریکا رواں سال کے اختتام پر اسرائیل کو دی جانے والی 4 ارب ڈالر کی سالانہ فنڈنگ بند کر دے گا۔ امریکی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو اب اس فنڈنگ کی مزید ضرورت نہیں رہی اور یہ کہ کچھ ڈیموکریٹس اور بائیں بازو کے سیاست دان اسرائیل کو دی جانے والی امریکی مالی امداد کو ریپبلکنز پر تنقید کرنے کے لیے ایک سیاسی حربے کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ جہاں تک اسرائیل کو مالی امداد دینے کا تعلق ہے، نیتن یاہو اور میں نے ایک معاہدہ کیا ہے کہ ہم اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر دیتے ہیں اور ہم نے مہینوں پہلے ہی یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ ہم اسے روک رہے ہیں۔ ہم پہلے ہی اس بات پر متفق ہو چکے ہیں کہ رواں سال کے اختتام تک ہم اسرائیل کو ادائیگی نہیں کریں گے۔ اب ہم تب ہی ان کی مدد کریں گے جب انہیں ضرورت ہوگی۔
