گنداواہ، دو افراد اغوا، پسنی سے دو لاشیں برآمد، قلات، کرنٹ لگنے سے کیسکو ملازم، کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

بلوچستان حادثات و واقعات

ماخذ: یو این اے

جھل مگسی، قلات، پسنی، کوئٹہ (یو این اے) ضلع جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ کے علاقے کھاری سے نامعلوم مسلح افراد نے دو مقامی شہریوں کو اغوا کر لیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے دونوں افراد کی شناخت عرفان دیناری اور عطا اللہ دیناری کے ناموں سے ہوئی ہے۔ وہ نارا سے کھاری کی طرف سفر کر رہے تھے کہ راستے میں ڈرابھی کے مقام پر گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد نے انہیں روک کر زبردستی اغوا کر لیا اور اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد لواحقین اور علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ پولیس اور متعلقہ انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مغویوں کی بازیابی کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔علاوہ ازیں پسنی کے علاقے چکلی سے دو نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں لاشوں کو فوری طور پر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال گوادر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں تاحال ان کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ واقعے کے محرکات اور مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دریں اثناءضلع قلات کے علاقے محلہ گوم میں کام کے دوران بجلی کا شدید جھٹکا (کرنٹ)لگنے سے کیسکو ملازم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے ملازم کی شناخت حاجی رحمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ملازم محلہ گوم میں بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر فنی خرابی دور کرنے اور مرمتی کام میں مصروف تھا کہ اس دوران اچانک کرنٹ لگ گیا۔واقعے کے فورا بعد ملازم کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی تمام ضروری اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دی۔ ایک اور واقعے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر اللہ والا چوک کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ عبدالظاہر ولد حفیظ اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے فورا بعد لاش کو ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر الشواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی مختلف زاویوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔