ماخذ: این این آئی
اسلام آباد (این این آئی) حکومت نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی وزیراعظم سے ملاقات کےلئے تیسری جگہ مقرر کرنے کی شرط مسترد کردی ہے۔ ایک بیان میں مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات وزیراعظم ہاﺅس میں ہی ہوگی، ملاقات کے لیے کوئی تیسری جگہ مقرر نہیں کی جاسکتی۔رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاﺅس کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ریاست کی ملکیت ہے، پہلے بھی اس قسم کی ضد کی گئی، یہ کوئی طریقہ نہیں، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے وزیراعظم ہاس میں ہی ملاقات کریں گے۔انہوںنے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو 2 خطوط لکھے، ایک خط امریکا روانگی سے پہلے اور دوسرا واپسی پر بھیجا گیا، حکومت اپوزیشن لیڈر کے جواب کی منتظر ہے۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر بتائیں کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے کب تشریف لا رہے ہیں، حکومت ان کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات ممکن ہیں، تاہم ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر مذاکرات نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی نے پہلے مذاکرات کو موقع ہی نہیں دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے تحت قائم سیٹ اپ کو مناسب وقت دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری کمٹمنٹ کے ساتھ لڑیں گے اور جیتیں گے، پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو بات ہوسکتی ہے۔
