ماخذ: یو این اے
گوادر، پنجگور (یو این اے) گوادر کے علاقے زیرو پوائنٹ پر مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان المناک حادثے کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر کوچ کے ڈرائیور نے ٹرالر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر جی ڈی اے انڈس ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دریں اثناءپنجگور کے مصروف ترین علاقے شہید جاوید چوک پر ایک مسلح شخص کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک معصوم راہگیر بچہ شدید زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ شہید جاوید چوک پر پیش آیا، جہاں اچانک مسلح ملزم کی گولیاں چلنے سے راہگیر بچہ زد میں آ کر زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فورا بعد ریسکیو ذرائع اور مقامی افراد نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمی بچے کو فوری طبی امداد کے لیے ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے فورا بعد پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے ملزم کا تعاقب شروع کر دیا ہے، تاہم خبر لکھے جانے تک ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی تھی۔ اس ناخوشگوار واقعے کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، جبکہ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک مقامات پر اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کرنے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
