مستونگ میں فورسز کی فائرنگ، کچھی میں چیک پوسٹ پر حملہ، کارروائیوں میں 4 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی ہوگئے

مستونگ کچھی کارروائیوں میں 4 دہشتگرد ہلاک،

ماخذ: این این آئی

کوئٹہ، ڈیرہ مراد جمالی (آن لائن، این این آئی) سیکورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت کچھی اور مستونگ کے علاقے میں پولیس کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ باقی بھاگ گئے، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن برآمد کرلیا۔ مستونگ میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پڑنگ آباد کے مقام پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مزید کارروائی سیکورٹی فورسز کررہی ہیں۔ کچھی میں سیکورٹی فورسز پر مسلح افراد کا حملہ، شدید فائرنگ جبکہ جوابی فائرنگ سے دوحملہ آور ہلاک تین زخمی ہوگئے، حملہ آور اپنے زخمیوں ساتھیوں کو اٹھاکر ساتھ لے گئے، سیکورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق کچھی پولیس تھانہ حاجی شہر کی حدود مین قومی شاہراہ این اے 65 لمجی کے قریب دوسہ لاشاری چیک پوسٹ پر نا معلوم مسلح افراد نے اچانک سیکورٹی فورسز پر حملہ کردیا اور شدید فائرنگ کی گئی جبکہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھی بھرپور جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو حملہ آور موقع ہی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور اپنے زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والوں کی لاش پولیس نے تحویل میں لے لی واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے پورے علاقے کا گھیراﺅ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔