ماخذ: یو این اے
تربت (یو این اے) ایران سے بجلی کی مین سپلائی لائن میں اچانک فالٹ پیدا ہونے کے باعث تربت، گوادر اور مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی مسلسل معطل ہے، جس کے باعث اضلاع کیچ، پنجگور اور تمپ میں عوام اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کیسکو حکام کے مطابق ایران سے الیکٹرک سپلائی صبح 5 بجے پیش آنے والے تکنیکی نقص کی وجہ سے بند ہوئی۔ ایکسیئن کیسکو نے بتایا کہ بجلی کی معطلی کے اثرات کم کرنے کے لیے دن 11 بج کر 40 منٹ پر متاثرہ اضلاع کو نیشنل گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی جاری کردی گئی۔ کیسکو ٹرانسمیشن لائن اسٹاف کی خصوصی ٹیم مند کے مقام پر پاک ایران سرحد کے قریب فالٹ کو تلاش کر کے اس کی مرمت اور درستگی میں مصروف ہے۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ خرابی جلد دور کر کے ایران سے بجلی کی معمول کے مطابق بحالی کو یقینی بنا دیا جائے گا۔
