ماخذ: این این آئی
کوئٹہ (این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کے امکانات سے متعلق سامنے آنے والی باتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب جمہوری حکومتوں کا خاتمہ اور آئینی عمل کو معطل کرنا کسی بھی صورت جمہوری اور آئینی طرزِ عمل نہیں۔ پارلیمانی اصولوں عوامی نمائندگی اور آئینی تقاضوں کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حاکمیت کو ریاست کے استحکام اور ملک کی بقا کی بنیاد سمجھتی ہے۔ جمہوری عمل کو کمزور کرنے یا سیاسی مسائل کا حل غیر جمہوری اقدامات کے ذریعے تلاش کرنے کی ہر کوشش کو نیشنل پارٹی مسترد کرتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ سیاسی اور قومی مسائل کا حل طاقت یا غیر جمہوری اقدامات میں نہیں بلکہ بامقصد مذاکرات، سیاسی مکالمے اور جمہوری رویوں کے فروغ میں ہے۔ تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے بات چیت کا عمل جاری رکھیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی اور جمہوری تسلسل کو یقینی بنایا جاسکے۔
