اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
پشاور، ژوب، کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے شروع کیا جانے والا لانگ مارچ آئندہ کے مراحل کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے زیر قیادت پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کرک سے کوہاٹ کی جانب رواں دواں ہے۔ اتوار کے روز ضلع لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک سے شام کے وقت شروع ہونے والا یہ لانگ مارچ تقریباً 80 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے رات گئے اپنے پہلے پڑاﺅ ضلع کرک پہنچا تھا۔ اس مارچ کے ابتدائی مرحلے میں بنوں، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور دیگر قریبی اضلاع سے لوگ شامل ہوئے تھے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سے بھی انفرادی طور پر اور ڑوب کے راستے بلوچستان سے آنے والے قافلے یارک کے مقام پر رکاوٹیں عبور کر کے مارچ کا حصہ بنے۔ تاہم سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں آنے والا قافلہ وقت پر نہیں پہنچ سکا تھا۔ ضلع کرک میں قائم جیل چوک پر ایک بڑا پنڈال بنایا گیا تھا جہاں رات بھر مظاہرین موجود رہے۔
