کوئٹہ (بلوچستان نیوز) کوئٹہ کے آریا اسپتال میں مریضوں کو مقررہ وقت پر طبی معائنے کی سہولت نہ ملنے اور ڈاکٹرز کے انتظار میں کئی کئی گھنٹے بٹھائے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر ہسپتال کے انتظامی نظام اور مریضوں کو دیے جانے والے اپائنٹمنٹ ٹائم پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مریضوں کے مطابق انہیں ڈاکٹر سے معائنے کے لیے مخصوص وقت دیا جاتا ہے اور وہ اسی وقت اسپتال پہنچتے ہیں، تاہم وہاں پہنچنے پر انہیں بتایا جاتا ہے کہ متعلقہ ڈاکٹر آپریشن میں مصروف ہیں اور ڈاکٹر کے آنے تک مزید تین سے چار گھنٹے انتظار کرنا ہوگا۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کے آپریشن پہلے سے طے شدہ ہوتے ہیں تو مریضوں کو بھی فرسٹ ٹائم، سیکنڈ ٹائم اور دیگر مقررہ اوقات کے مطابق اپائنٹمنٹ دی جانی چاہیے، تاکہ مریضوں کو غیرضروری انتظار اور اذیت سے نہ گزرنا پڑے۔ شکایات کے مطابق یہ صورتحال کوئی ایک دن کا معاملہ نہیں بلکہ عرصہ دراز سے مریضوں کو اسی طرح انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ بالخصوص غریب اور دور دراز سے آنے والے مریض، جو علاج کی غرض سے محدود وسائل کے ساتھ اسپتال پہنچتے ہیں، اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ مریضوں اور لواحقین کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کے لیے اعلیٰ حکام تک اپنی شکایت پہنچانا آسان نہیں، جس کے باعث وہ مجبوری میں گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد واپس جانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور آریا اسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، مریضوں کو دیے جانے والے اپائنٹمنٹ اور ڈاکٹرز کے آپریشن شیڈول کا جائزہ لیا جائے اور ایسا نظام وضع کیا جائے جس کے تحت مریض کو دیے گئے وقت پر یا مناسب متبادل وقت پر طبی معائنہ یقینی بنایا جاسکے۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتال کا مقصد بیمار اور مجبور شہریوں کو بروقت علاج فراہم کرنا ہے، نہ کہ انہیں کئی کئی گھنٹے انتظار کی اذیت میں مبتلا رکھنا۔
آریا اسپتال کوئٹہ میں مریضوں کو گھنٹوں انتظار، اپائنٹمنٹ نظام پر سوالات
