کوئٹہ، راولپنڈی (ویب ڈیسک) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کیخلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں 21 ستمبر سے اب تک کی گئیں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے 33 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر کو آپریشن شعبان کے دوران مزید 5 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کیے گئے، جس کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی، آپریشن شعبان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی گئیں کارروائیوں کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ 25 ستمبر کو نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موثر کارروائی کی گئی، سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران 11 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 33 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
