کوئٹہ (این این آئی) محکمہ خزانہ بلوچستان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر جامعہ بلوچستان کے ریٹائرڈ ملازمین کو درپیش دیرینہ مالی مشکلات کے حل کے لیے 502 ملین روپے کا بلا سود قرضہ فراہم کر دیا گیا ہے، جس سے ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن بقایا جات کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔ محکمہ خزانہ کے مطابق یہ اقدام ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ، ان کی مالی مشکلات کے ازالے اور جامعہ بلوچستان کے مالی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری خزانہ عارف اچکزئی اور وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے مفاہمت کی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی اور سیکرٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ہاشم غلزئی بھی موجود تھے۔ محکمہ خزانہ کے مطابق 502 ملین روپے کی بلا سود مالی معاونت سے جامعہ بلوچستان کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی میں سہولت فراہم ہوگی، جبکہ یہ اقدام ادارے کے مالی استحکام اور ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔
جامعہ بلوچستان کے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے 50 کروڑ، 20 لاکھ روپے کا بلا سود قرض جاری
