شاہرگ، کوئلہ کان میں حادثہ، 6 کانکن پھنس گئے، 2 زخمیوں کو ریسکیو کرلیا گیا

ہرنائی (ویب ڈیسک) ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان نمبر 151 میں گیس بھرنے کے باعث بڑا حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 8 کانکن کان کے اندر پھنس گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 2 کانکنوں کو زخمی حالت میں کان سے نکال لیا، جنہیں ابتدائی طور پر شاہرگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی امداد کے بعد دونوں زخمی کانکنوں کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد 6 کانکن تاحال کان کے اندر پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ کان سے نکالے گئے دونوں زخمی کانکنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے بتایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ ٹھیکیدار فاروق ملیزئی کی کول مائن میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔