ماخذ: یو این اے
ژوب (یو این اے) مٹھا خان کاروان کے ضلعی صدر حاجی شاہ زمان کاکڑ نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین و قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی مشر محمود خان اچکزئی کی جانب سے اعلان کردہ جرگے کے سلسلے میں ژوب ڈویژن کے تینوں اضلاع، ژوب، شیرانی اور قلعہ سیف اللہ کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے، مجموعی طور پر تین لاکھ روپے تعاون کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں حاجی شاہ زمان کاکڑ نے مھٹاخان کاروان کے سینئر ساتھیوں کی موجودگی میں ژوب ڈویژن کے تینوں اضلاع کے ضلعی ذمہ داران کے حوالے ایک، ایک لاکھ روپے نقد پیش کیے۔اس موقع پر حاجی شاہ زمان کاکڑ نے کہا کہ پشتون قوم کے محترم بزرگ نواب ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں منعقد ہونے والا یہ جرگہ خطے میں امن، بھائی چارے، قبائلی ہم آہنگی اور علاقے کے استحکام و سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ انہوں نے جرگے کی کامیابی اور اس کے مثبت نتائج کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے مھٹاخان کاروان کے ضلعی صدر حاجی شاہ زمان کاکڑ اور ان کے ساتھیوں کے اس تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا اور اسے پشتون قومی یکجہتی، امن و بھائی چارے اور قبائلی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا گیا۔حاجی شاہ زمان کاکڑ کا یہ اقدام اس امر کا اظہار ہے کہ امن، قومی یکجہتی اور علاقے کے اجتماعی مفاد کے لیے سیاسی و قبائلی حلقے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
