کوئٹہ (آن لائن) سرانان واقعہ میں زخمی ہونے والا شخص ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سرانان کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کردیا گیا تھا جن کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہا تھا ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد 2 روز قبل کوئٹہ آئے تھے اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا زخمی ہونے والا شخص منگل کو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ مارے جانے والے افراد میں سے 3 افراد اشرف علی، زمان اور علی احمد کا تعلق فورٹ منرو کے علاقے سے بتایا جاتا ہے جن کی میتیں گزشتہ روز ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہےں۔ علاوہ ازیں چاغی کے علاقے شے سالار سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی، جہاں مقتول کی شناخت صدام ولد قادر بخش سکنہ شے سالار کے نام سے ہوئی ہے؛ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ادھر چہتر بازار کے قریب این-40 شاہراہ پر تفتان سے کوئٹہ جانے والے 4 مزدا ٹرکوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ٹرکوں کے ٹائر پھٹ گئے جبکہ کم از کم ایک ٹرک کو آگ لگا دی گئی، تاہم واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سرانان واقعہ میں زخمی شخص دم توڑ گیا، اموات 6 ہوگئیں، چاغی میں گولی لگی لاش برآمد
