اشاعتی ڈیسک: مانیٹرنگ ڈیسک
کیمرون (مانیٹرنگ ڈیسک) وسطی افریقی جمہوریہ کے سرحدی گاﺅں زامبوئے میں سونے کی کان گرنے سے کم از کم 107 کان کن ہلاک اور کئی دیگر پھنس گئے۔ وسطی افریقی جمہوریہ اور کیمرون کی سرحد پر واقع زامبوئے کے مقام پر سونے کی ایک کان بیٹھنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں کان کن جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس افسوسناک المیے میں اب بھی سو سے زائد مزدور زمین کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں، جن کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جدید حفاظتی انتظامات سے محروم اور انتہائی مخدوش حالت میں چلائی جانے والی سرنگیں اچانک زمین دھنسنے کی وجہ سے بیٹھ گئیں، جس نے وہاں موجود مزدوروں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ دیا۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں۔ تاہم کسی بھی قسم کی جدید مشینری یا تکنیکی آلات کی عدم دستیابی کے باعث ریسکیو ورکرز اور مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت، انتہائی نامساعد حالات میں ہاتھوں سے ملبہ ہٹانے پر مجبور ہیں۔ ملبے تلے دبے کان کنوں کے اہل خانہ شدید تشویش کے عالم میں اپنے پیاروں کی سلامتی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں، جبکہ مقامی سطح پر اس غیر محفوظ کان کنی پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
