کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے علاقے پشین میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے انٹیلی جنس بیسڈ معلومات پر مبنی ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 27 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے تلف کردی اور منشیات کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والی فیکٹری کو بھی مسمار کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ یارو کی حدود میں واقع اسٹیٹن کالونی میں آئی جی پولیس بلوچستان اور آئی جی ایف سی نارتھ کی ہدایات پر ایس ایس پی پشین کیپٹن (ر) نوید عالم کی نگرانی میں آپریشن کیا گیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے پہلے مرحلے میں تقریباً 33,600 کلوگرام ایفڈرین برآمد کی گئی جو آئس اور دیگر منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔ برآمد شدہ تمام کیمیکل کو ڈی ایس پی، مجسٹریٹ اور تحصیلدار کی موجودگی میں موقع پر ہی نذر آتش کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق برآمد کی گئی ایفڈرین کی مارکیٹ میں فی کلو قیمت آٹھ ہزار روپے کے حساب سے کل مالیت 26 کروڑ 88 لاکھ روپے بنتی ہے۔ آپریشن کے دوسرے مرحلے میں غیر قانونی پیداوار کی مستقل روک تھام کے لیے ایکسیویٹر کی مدد سے فیکٹری کی عمارت کو بھی مکمل طور پر منہدم کر دیا گیا۔
پشین میں فورسز کی خفیہ اطلاع پر کارروائی، 27 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد
