پنجگور اور بلیدہ میں آپریشن، اہم سرغنہ سمیت 7 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی، اسلحہ و گولہ بارود، موٹر سائیکلیں ضبط

کوئٹہ (ویب ڈیسک) سیکورٹی فورسز کے پنجگور اور بلیدہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، اہم سرغنہ سمیت 7 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز کے آپریشن رد الفتنہ3 کے تحت پنجگورکے علاقے سرکینی، چیدگی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے پنجگور کے علاقے سرکینی، چیدگی میں دہشت گردوں کی موجود گی کی خفیہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ گیری، اغوا اور دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کے مطابق بلیدہ کے علاقے جھنگیاں بازار، نیوانو سیکٹر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی جس کے دوران 2 مبینہ مسلح افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایف سی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ایک مبینہ ٹھکانے سے جدید اسلحہ، گولہ بارود، ایک موٹر سائیکل، ایک ریموٹ ڈیوائس، 6 آئی ای ڈی بیٹریاں، آئی ای ڈی کورڈ اور آئی ای ڈی وائر کے 5 سیٹ برآمد کیے گئے۔ ایف سی ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا سامان ممکنہ طور پر تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا۔ تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور ہلاک و زخمی افراد کی شناخت کے حوالے سے سرکاری طور پر مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔