بحیرہ احمر میں بھارتی تجارتی بحری جہاز حملے کے بعد ڈوب گیا، عملہ محفوظ

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی تجارتی جہاز یمن کے قریب بحیرہ احمر میں پروجیکٹائل حملے کے بعد ڈوب گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے قریب بحیرہ احمر میں حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز (MSV Faize Noore Oliya) ڈوب گیا، تاہم کوسٹ گارڈ نے جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت بچا لیا۔ مقامی حکام کے مطابق جہاز پر سوار تمام 14 افراد، جن میں 13 بھارتی شہری اور ایک یمنی شامل تھا، بندرگاہ الحدیدہ کے جنوب میں حملے کے بعد بحفاظت ریسکیو کر لیے گئے۔ بھارت کے وزیرِ جہاز رانی سربانندا سونووال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ جہاز کو یمنی سمندری حدود کے قریب ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ خطے میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ بھارت نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "بلااشتعال حملہ” قرار دیا ہے۔ یمن کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس حملے کا ذمہ دار ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو ٹھہرایا گیا ہے۔