اشاعتی ڈیسک: روزنامہ بلوچستان نیوز ویب ڈیسک
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغانستان میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔ پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ افغانستان سے فارغ التحصیل میڈیکل گریجویٹس پاکستان میں پریکٹس کے اہل نہیں ہوں گے اور ایسے طلبہ پی ایم ڈی سی سے رجسٹریشن حاصل نہیں کرسکیں گے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ افغان میڈیکل ادارے ایجوکیشن کمیشن آف فارن میڈیکل گریجویٹس کی تسلیم شدہ فہرست میں شامل نہیں لہٰذا افغانستان سے فارغ التحصیل طلبہ پاکستانی نیشنل رجسٹریشن امتحان میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق افغانستان کے اداروں میں داخلہ لینے سے قبل طلبہ ای سی ایف ایم جی کی منظوری لازمی چیک کریں۔
