تربت/ کوئٹہ (آئی این پی) ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد سے6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کی بعد ازاں اغوا ہونے والے مزدوروں کے طور پر شناخت کرلی گئی۔ پولیس اور محکمہ داخلہ کے مطابق تمام مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد سے6 لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ معاون برائے میڈیا محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تربت سے ملنے والی لاشیں دو روز قبل ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے اغوا کیے گئے مزدوروں کی ہیں۔ ان کے مطابق شہید ہونے والے مزدوروں میں 4 کا تعلق پنجاب جبکہ 2 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ پولیس کے مطابق دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد سات مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے تھے، جن میں سے ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا، جبکہ باقی 6 مزدوروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ان تمام چھے مغوی مزدوروں کو بھی قتل کردیا گیا، جن کی لاشیں ناصر آباد کے علاقے سے برآمد ہوئیں۔
تربت سے 2 روز قبل اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی لاشیں برآمد
