بلوچستان میں دیرپا امن اور دہشتگردوں کے خاتمے تک فورسز کے آپریشنز جاری رہیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان میں دیرپا امن اور دہشتگردوں کے خاتمے تک فورسز کے آپریشنز جاری رہیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی (پ ر) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاءکی جی ایچ کیو آمد ہوئی جہاں فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کےلئے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، یہاں کے محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام ہی اس کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے، یہ آپریشنز بھرپور عزم اور دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔