فرانس میں گرمی کا 78 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، بچوں سمیت 18 افراد ہلاک، زیادہ اموات نہاتے ہوئے ڈوبنے سے ہوئیں

پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، فرانس میں سخت گرمی کے باعث 5 افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو کم عمر بچے بھی شامل ہیں جب کہ نہاتے ہوئے 13 افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق وسطی فرانس کے شہر پواتیے میں گرمی کا 78 سالہ ریکاڈ ٹوٹ گیا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مغربی فرانس کے علاقے بوردو میں درجہ حرارت 41.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس نے گزشتہ سال اگست میں قائم ہونے والا ریکارڈ توڑ دیا۔ فرانس میں شدید گرمی کے باعث کئی اسکول بندکر دیے گئے یا ان کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی، متعدد ٹرین سروسز بھی بند کردی گئیں۔ فرانس کے جنوب مشرقی شہر کارپانترا میں سخت گرمی میں گھر کے باہر کھڑی گاڑی میں دو بچے بے ہوش گئے، بچوں کی عمریں 2 اور 4 سال تھیں، امدادی کارکنوں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی موت کی اصل وجہ کا تعین ابھی ہونا باقی ہے، تاہم شدید گرمی کو سب سے بڑا سبب سمجھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ فرانس کے مختلف علاقوں میں تین بزرگ افراد بھی گرمی کی شدت سے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ سوئمنگ پول اور دیگر پانی والی جگہوں پر نہاتے ہوئے 13 افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے۔ حکام نے لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ صرف نگرانی والے مقامات پر ہی تیراکی کریں۔