ڈیرہ مراد جمالی، اوچ پاور پلانٹ کے ہائی ٹرانسمیشن بجلی ٹاورز پر نصب دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنادیا گیا، پولیس

کوئٹہ(ویب ڈیسک) ڈیرہ مراد جمالی سے اوچ پاور پلانٹ پنجاب کو جانے والی ہائی ٹرانسمیشن سٹم بجلی کے 220 کے وی ٹاورز پر نصب کردہ پندرہ کلو سے زیادہ دھماکہ خیز مواد کو سیکورٹی فورسز پولیس اور سی ٹی ڈی نے ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب توتال پولیس تھانے کی حدود چھتر روڈ اچانک ہوٹل کے مقام پر اوچ پاور پلانٹ سے سندھ اور پنجاب کو جانے والی ہائی ٹرانسمیشن سٹم بجلی کے 220 کے وی کے ٹاورز کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کے منصوبے کو پولیس، سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ناکام بناتے ہوئے ٹاورز کے نیچے نصب کردہ پندرہ کلو سے زیادہ دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا جس سے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ہوگیا، نا معلوم مسلح دہشت گردوں کی جانب سے نصب کردہ دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے بعد سیکورٹی فورسز پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔