پنجاب کا 5 ہزار 903 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کردیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ پنجاب شجاع الرحمن نے پنجاب کا 5 ہزار 903 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کردیا۔ صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں ساڑھے 3 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی۔ لیپ ٹاپ اسکیم کیلئے 27 ارب روپے، ہونہار اسکالر شپ پروگرام کیلئے 15 ارب روپے مختص کر دیے گئے۔ بجٹ میں صوبائی آمدن کا ہدف 1209 ارب روپے مقرر کیاگیا، صوبے کے ترقیاتی امور کے لیے 752 ارب روپے، تعلیمی شعبے کےلئے 750 ارب روپے مختص کیے گئے۔ وزیر خزانہ پنجاب شجاع الرحمن نے کہا کہ شعبہ صحت کے لیے مجموعی بجٹ کا 10فیصد رکھاگیا ہے، پنجاب میں ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی اور جدید تعلیم کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔ اس سے پہلے پنجاب کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت کو دفاع اور دیگر معاملات میں پنجاب نے سب سے زیادہ شیئر دیا۔ بجٹ منظوری کے بعد پنجاب کابینہ اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی ترقی کے سفر پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، عوام کے ریلیف اور خدمت کا سفر پہلے کی طرح جاری رہے گا۔