دکی، سڑک تعمیراتی کمپنی کے2 مزدور پراسرار طور پر لاپتہ

دکی (بلوچستان نیوز) دکی کے علاقے کارہز کیمپ سے سڑک تعمیراتی کمپنی کے دو مزدور پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں، جن کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق لاپتہ ہونے والے مزدور دکی چمالنگ شاہراہ پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی کے سائٹ کیمپ میں مزدوری کرتے تھے اور کام کے بعد اسماعیل شہر جا رہے تھے کہ راستے میں لاپتہ ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مزدور رات 8 بجے سے لاپتہ ہیں جبکہ ان کی موٹر سائیکل مین ناناصاحب روڈ کے کنارے سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کے موبائل فون بھی بند ہیں۔لاپتہ افراد میں 29 سالہ وزیر خان ولد محمد نواز ترین اور 20 سالہ امین اللہ ولد اسد شان ترین شامل ہیں، جن کا تعلق اسماعیل شہر سے بتایا جاتا ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے لاپتہ مزدوروں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ کارروائیاں تیز کردی ہیں۔