انمول عرف پنکی نیٹ ورک کے گرد قانون کا گھیرامزید تنگ 20 قریبی ساتھی گرفتار

کراچی(بلوچستان نیوز )کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک کے گرد قانون کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک گیر کریک ڈاﺅ ن کے دوران ملزمہ کی قریبی ترین ساتھی بلیک انجیل سمیت 20 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انمول عرف پنکی کی فراہم کردہ معلومات پر لاہور، قصور، اسلام آباد اور اندرونِ سندھ میں برق رفتار چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں، ان کارروائیوں میں پنکی کے گینگ کے 20 اہم کارندوں کو حراست میں لیا گیا، جن میں سب سے اہم گرفتاری کرن عرف بلیک انجیل اور اس کے شوہر کی ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ بلیک انجیل کا نیٹ ورک انتہائی خطرناک اور ہائی پروفائل ہے، کرن عرف بلیک انجیل شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف شخصیات اور اداکاروں کو کوکین سپلائی کرنے کی ذمہ دار تھی، بلیک انجیل کی گرفتاری کے بعد اب ان فنکاروں اور بااثر افراد کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جو اس نیٹ ورک سے منشیات خریدتے رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پنکی کے مالیاتی نیٹ ورک سے متعلق بھی نئے اور چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے ہیں، پنکی کے گرفتار اکاﺅ نٹنٹ کی نشاندہی پر مزید 6 ایسے اکاﺅنٹس ملے ہیں جن سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئیں، تفتیش میں یہ شواہد بھی ملے ہیں کہ منشیات کی خریداری کے لیے مختلف اوقات میں غیر ملکیوں کو 80 لاکھ روپے سے زائد کی رقم منتقل کی گئی، جو اس گینگ کے بین الاقوامی روابط کا ثبوت ہے۔دریں اثنا منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ دستاویزات کے مطابق 17 اپریل 2018 کو پنکی نے کراچی سے پاسپورٹ حاصل کیا جو 17 اپریل 2023 کو ایکسپائر ہوگیا تھا۔پنکی نے شناختی کارڈ بھی کراچی سے 6 دسمبر 2016 میں حاصل کیا جس پر ابوالحسن اصفہانی روڈ گلشن اقبال پتا درج ہے۔ پنکی نے نام تبدیل کر کے ایک اور شناختی کارڈ بنوانے کی بھی کوشش کی۔تفتیشی ذرائع کے مطابق پنکی کی سفری تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جاری ہے اور مختلف پہلوں سے تحقیقات کی جاری ہیں۔پنکی کے اہلخانہ کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔