چمن(بلوچستان نیوز)بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب سیکیورٹی فورسز اور موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، جبکہ جوابی کارروائی کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور سول ہسپتال چمن سمیت اطراف کے علاقوں کو فورسز نے گھیرے میں لے لیا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب معمول کی چیکنگ کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں افراد نے رکنے کے بجائے مبینہ طور پر سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس پر فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص موقع پر جانبحق ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار یا تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب فائرنگ کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا واقعے کے بعد زخمی اور جانبحق افراد کو فوری طور پر سول ہسپتال چمن منتقل کردیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اضافی طبی عملہ طلب کرلیا گیا یواین اےکے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہسپتال کے اطراف سخت سیکیورٹی حصار قائم کردیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت محدود کردی گئی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دونوں موٹر سائیکل سوار افراد شکل و صورت اور لباس سے افغان شہری معلوم ہوتے ہیں، تاہم ان کی شناخت یا شہریت کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی
چمن, FC ہیڈکوارٹرز پر حملہ، ایک حملہ آور ہلاک، دوسرا زخمی
